30 اکتوبر 2014 - 07:33
کراچی میں رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ، ایک سکیورٹی اہلکار ہلاک

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آج علی الصبح لیاری کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے رینجرز اہل کاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی اہل کار ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں آج علی الصبح لیاری کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے رینجرز اہل کاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں ایک سیکیورٹی اہل کار ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔ کراچی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق رینجرز کے دو اہلکاروں پر اس وقت فائرنگ کی گئی، جب وہ لیاری کے نواں لین کے علاقے میں معمول کے گشت پر تھے، ہلاک ہونے والے رینجرز اہلکار کی شناخت اصغر شاہ اور زخمی اہلکار کی شناخت عبدالرحیم کے نام سے ہوئی ہے۔ زخمی اہلکار کو کراچی کےنجی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں ایک سال سے زیادہ عرصے سے آپریشن جاری ہے، لیکن نہ تو ٹارگٹ کلنگ میں کوئی خاطرخواہ کمی دیکھنے میں آئی ہے، اور نہ ہی دیگر جرائم کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے۔ 5 ستمبر 2013ء کو کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف اس آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا۔ اس روز سے آج تک ہزاروں دہشت گردوں کی گرفتاری اور سینکٹروں کی ہلاکت کے دعووں کے باوجود بھی شہری سکھ کا سانس نہیں لے سکے ہیں۔  دہشت گردوں کے حملوں اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں شیعہ اکابرین اور عام شہریوں کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی نشانہ بنتے رہتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲